Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹرکے۲۵ اضلاع میں پابندیوں میں مزید نرمی ممبئی پرفی الحال کوئی فیصلہ نہیں

Updated: July 30, 2021, 8:32 AM IST | Mumbai

وزیرصحت راجیش ٹوپے کے مطابق جو اضلاع لیول ون میں ہیں انہیں اس کے مطابق نرمی دی جائے گی ، جن اضلاع میں کیس زیادہ ہیں وہاں پابندیاں بڑھانے پر غور

Minister of State for Health Rajesh Tope.Picture:PTI
ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے تصویرپی ٹی آئی

مہاراشٹر کے  وہ اضلاع جہاں پر کورونا پوری طرح سے قابو میں آگیا ہے ، میں حکومت پابندیوں میں مزید  رعایت دینے کے لئے  تیار ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر صحت راجیش ٹوپے نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں ہونے والی کووڈ ٹاسک فورس کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ وہ اضلاع جہاں کورونا کا پازیٹیو ٹی ریٹ  ریاست کے  اوسط سے مسلسل کم ہے وہاں حکومت نے مزید نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں کل ملاکر ۲۵؍ اضلاع ہیں جن میں سے ۱۸؍ اضلاع لیول ون کے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بقیہ ۱۱؍ اضلاع جہاں کورونا کے معاملات اب بھی قابو میں نہیں آرہے ہیں وہاں پرپابندیوں میں اضافہ پر غور کیا جارہا ہے۔ راجیش ٹوپے نےممبئی کی لوکل ٹرین خدمات کے تعلق سے بھی ردعمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات پر غور کررہی ہے کہ جو افراد دونوں ٹیکے لے چکے ہیں انہیں   لوکل ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت دے دی جائے۔ اس سلسلے میں ریلوے اور ریاستی حکومت کے افسران غور کررہے ہیں۔ جیسے ہی کوئی صورت نکلتی ہے اس بارے میں مطلع کردیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جن اضلاع میں نرمی برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں ناگپور ، تھانے ، اورنگ آباد، لاتور ، دھولیہ ، جلگائوں ، جالنہ ، پربھنی ، بھنڈارا، گڈچرولی ، واشم ،وردھا اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ اضلاع ریاستی حکومت کے طے کردہ ۵؍ لیول میں سے پہلے لیول میں آچکے ہیں اس لئے یہاں مزید نرمی دی جائے گی جس میں دکانوں کو رات ۹؍ بجے تک کھلا رکھنا اور دیگر تمام معاشی سرگرمیوں کی بحالی شامل ہے۔ جبکہ لیول ۲؍ میں  ۶؍ اضلاع شامل ہیں جن میں امرائوتی ،  احمد نگر ، ہنگولی، نندوربار، ممبئی  اورممبئی مضافات شامل ہیں۔  ان اضلاع میں بھی اسی لیول کے مطابق نرمی دی جائے گی۔ ان اضلاع کے علاوہ پونے، رائے گڑھ ، پال گھر ، شولاپور ، سانگلی ، ستارا  اوررتناگیری ایسے اضلاع ہیں جہاں کورونا کے معاملات اب تک قابو میں نہیں آسکے ہیں۔ یہاں کا پازیٹیوٹی ریٹ ریاست کے اوسط سے زائد ہے۔ اسی لئے یہاں پر پابندیوں میں اضافہ پر غور کیا جارہا ہے۔ 
 جہاں تک بات ہے ممبئی میں لوکل ٹرین سروس سبھی مسافروں کے لئے دوبارہ شروع کرنے کی تو اس بارے میں راجیش ٹوپے نے کہا کہ اس پر بھی  غور ہو رہا ہے۔ اس تعلق سے کوئی بھی فیصلہ تمام حالات کو ذہن میں رکھ کر ہی کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK